تازہ ترین

Post Top Ad

جمعرات، 28 اکتوبر، 2021

مالیگاؤں میں اعزازی شعری نشست بے انتہا کامیاب

فروخت کردیئے سب خواب میں نے سستے میں 
مالیگاؤں میں اعزازی شعری نشست بے انتہا کامیاب 
نیوز ٹوڈے اردو: دینی ،علمی ، ادبی ،تہذیبی و ثقافتی شہر مالیگاؤں مہمان نوازی میں بھی اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے۔ یوپی کے شہر پرتاپ گڑھ سے مہمان شاعر خورشید عنبر صاحب کی مالیگاؤں آمد پر 24 نومبر 2021 کو میزبان ادب کے زیر اہتمام فیمس میوزک ہال میں اعزازی شعری نشست کا انعقاد عمل میں آیا جہاں مالیگاؤں کے مشہور و معروف شعراء کرام نے اپنے کلام بلاغت نظام سے محفل کو چار چاند لگادیا۔
حافظ انیس اظہر نے تلاوت قرآن پاک پیش فرماکر بزم کا آغاز کیا بعدازاں جناب الطاف ضیاء اور حافظ انیس اظہر نے نعت پاک پیش فرما کر نشست کو مزید تروتازہ کردیا۔ 

اپنے جلتے ہوئے سینے کی دوا چاہتے ہیں 
کوفہ والے بھی مدینے کی ہوا چاہتے ہیں 
غزل کے دور میں عالمی شہرت یافتہ شاعر جناب الطاف ضیاء نے جب یہ شعر پڑھا تو سامعین اور شعراء نے خوب محبتوں سے نوازا ۔گویا محفل اپنے عروج کو پہنچ گئی۔ 

کسے خبر تھی ضرورت پڑے گی رستے میں 
فروخت کردیئے سب خواب میں نے سستے میں 

جناب جاوید آفاق نے یہ شعر پڑھ کر سامعین و شعراء ششدر کردیا۔
غزل کے دور کا آغاز نوجوان شاعر مشہور مالیگانوی سے ہوا۔ نوجوان شعراء میں جدید لب و لہجے کے شاعر صدیق اکبر، ندیم ظفر، عباس عرش، پرواز اعظمی اور عمران راشد کو بھی بے انتہا محبتوں سے نوازا گیا۔

دوران نشست صدر محفل یحیی عبدالجبار، الطاف ضیاء اور اظہر الدین اجو فٹر کی جانب سے صاحب اعزاز جناب خورشید عنبر صاحب کا جاندار و شاندار طریقے سے استقبال و اعزاز کیا گیا۔ خورشید عنبر صاحب نے بھی مرصع و عمدہ کلام پیش کرکے خوب داد و تحسین وصول کی۔

اس عظیم الشان اعزازی شعری نشست کی صدارت محسن ادب جناب یحیی عبدالجبار صاحب نے فرمائی۔ افتتاح مشہور سماجی خادم جناب سلیم ریلائنس نے کیا جبکہ شمع فروزی جناب اسرار سیٹھ اور انیس سیٹھ صاحبان نے کی۔ 

الطاف ضیاء، ندا فاروقی، حافظ انیس اظہر، خورشید عنبر، جاوید آفاق، فیاض سالک، عبدالقدوس ارحم، پرواز اعظمی، اعظم علی ممنون، عمران راشد، مشہور مالیگانوی، عباس عرش، صدیق اکبر، ندیم ظفر، عرفان ندیم، ظہیر اکمل، اشفاق عالم صدیقی، جمیل الماس، مقصود اشرف، عمران سمیع،
اور اسماعیل ہرفن صاحبان نے عمدہ بہترین ،مرصع و لاجواب اشعار پیش کرکے شعری نشست کو تاریخ ساز بنادیا۔ 

نشست کے میزبان، اردو دوست ،شعراء سے بے لوث محبت کرنے والے جناب اظہر الدین اجو فٹر صاحب نے محفل کے انعقاد و کامیابی کے لئے مرکزی کردار ادا کیا جبکہ آرگنائزر جناب اشفاق عالم صدیقی صاحب نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس نشست میں مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے صدر احتشام بیکری والے، پروفیسر ساجد نعیم، ببو ماسٹر، پروفیسر وسیم موسی اور اعجاز شاہین نے بھی شرکت کی۔ مہمان خصوصی کے طور پر جناب احسان الرحیم، سلیم رضوی ، عبداللہ قریشی، فرنود رومی، رضوان ربانی، شکیل بھائی برتن والے، اجو بھائی، رضوان مقادم، نہال ماسٹر، ریاض کرن ،شاہد سیدو، ریاض ہندوستانی ، صابر ہندوستانی ، ریحان انجم، نورل ہیرو اور بھکن ماموں موجود تھے۔ 

نشست کی ابتدائی نظامت حافظ انیس اظہر نے فرمائی جبکہ عمران راشد نے نظامت کے فرائض نبھائے۔ رات دیر گئے عالمی شہرت یافتہ شاعر میزبان ادب کے صدر جناب الطاف ضیاء کی خوبصورت غزلوں کے بعد محسن ادب جناب یحیی عبدالجبار صاحب کے خطبہ صدارت کے ساتھ محفل اختتام پذیر ہوئی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad