![]() |
|
اسلام پور،ضلع اتر دیناج پور، مغربی بنگال(نیوز ٹوڈے اردو) : الحمدللہ اسلام پور میں منعقدہ عظیم الشان طرحی نشست پوری شان و شوکت اور شاہی انداز میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ اس ادبی نشست میں شعرا کرام نے جتھے کی شکل میں شرکت کی اور اپنے فکر انگیز، دلنشیں اور معیاری کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔
یہ طرحی نشست شہزادۂ سخن، استازالشعرا جناب سردار سلیم صاحب (حیدرآباد )کے منتخب کردہ مصرع طرح " ایک معقول آدمی کیسے نکما ہو گیا
پر منعقد کی گئی، جس پر تمام شعرا نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ہر شاعر کے ایک ایک شعر پر سامعین نے دل کھول کر داد دی، جس سے محفل آخر تک جوش و خروش اور ادبی وقار کے ماحول میں قائم رہی۔
اس باوقار ادبی نشست کی صدارت ممتاز شاعر جناب ممتاز نیر صاحب نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض نثار دیناج پوری اور محسن دیناج پوری نے نہایت خوش اسلوبی، برجستگی اور ادبی سلیقے کے ساتھ انجام دیے۔
اس طرحی نشست میں درج زیل شعرا کرام نے شرکت کی اور اپنی بھرپور حاضری سے محفل کو وقار بخشا۔
جناب ممتاز نیر صاحب ٹھاکر گنج، جہانگیر نایاب صاحب بہادر گنج، مبین اختر امنگ صاحب ٹیڑھا گاچھ، نثار دیناج پوری، محسن دیناج پوری، شہباز مظلوم پردیسی، ڈاکٹر شاہنواز بابل صاحب کشن گنج، آفتاب اظہر صدیقی صاحب کشن گنج، نجم السحر ثاقب صاحب کوچا دھامن، حسن راہی ٹیڑھا گاچھ، حسان احسن قاسمی کشن گنج ، کمیل بلیاوی صاحب کشن گنج ، جعفر امام کشن گنج
تمام شریک شعرا نے مصرعِ طرح پر کہے گئے اشعار پیش کیے جنہیں حاضرینِ محفل کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ نشست میں معزز مہمانوں کی شرکت نے پروگرام کے وقار میں مزید اضافہ کیا۔ جن میں بالخصوص ڈاکٹر صادق الاسلام (چیئرمین انقلاب فاؤنڈیشن)، مسرور عالم (چیئرمین رضا کمیٹی)، عابد رضا صاحب (چیئرمین اردو بچاؤ تحریک)، جناب احمد صیفی (سوپر اسپیشلٹی ہاسپٹل اسلام پور) اور ماسٹر افتخار سدا (لودھن ہائی اسکول)شامل تھے۔ نشست کے اختتام پر شہباز مظلوم پردیسی صاحب نے تمام مہمانانِ خصوصی، صدر نشست، نظامت، شعرا کرام اور سامعین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس کامیاب ادبی نشست کے انعقاد پر تعاون کرنے والوں کی خدمات کو سراہا۔ مجموعی طور پر یہ طرحی نشست اردو زبان و ادب کے فروغ کی جانب ایک کامیاب، یادگار اور قابل ستائش قدم ثابت ہوئی۔



کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں