| بنگال کی 106 میونسپلٹی انتخابات پر دیدی کی گہری نظر |
بنگال کی 106 میونسپلٹی انتخابات پر دیدی کی گہری نظر
کولکتہ: وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مغربی بنگال میں ہونے والے آئندہ میونسپلٹی انتخابات کے لئے پارٹی کی ذمہ داری پہلے ہی سنبھال لی ہے۔
پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے خصوصی اسکیموں پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ میونسپلٹی انتخابات میں نئے چہروں یا پرانے کارکنوں کے درمیان کوئی اختلاف نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ 90 فیصد پرانے اور 10 فیصد نئے چہروں کو امیدوار بنایا جائے۔
ممتا نے کہا ہے کہ پارٹی کے کام کرنے کے انداز اور عوام کی نبض کے سلسلے میں پرانے لیڈر کافی تجربہ کار رہے ہیں، جب کہ سیاست کے میدان میں نئے چہروں کو لانا ضروری ہے۔ اس لئے ٹکٹوں کی تقسیم بہتر تال میل سے کی جائے گی۔ دراصل ریاست میں 106 میونسپلٹیوں میں انتخابات ہونے جارہے ہیں جن کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور اس کے لئے امیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر اس کی ذمہ داری پارٹی کے ریاستی صدر سبرتو بخشی اور جنرل سکریٹری پارتھا چٹرجی کو دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ریاست بھر کی 106 میونسپلٹیوں کے لئے کم از کم تین ہزار امیدواروں کی فہرست تیار کی جائے گی، جسے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو بھیجا جانا ہے۔ پارٹی سپریمو ممتابنرجی افہرست کو حتمی شکل دیں گی۔
حال ہی میں وزیر اعلی ممتا بنرجی کے بھتیجے اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کے خلاف ایم پی کلیان بنرجی کے بیان کو لے کر کافی غیر آرام دہ صورتحال پیدا ہوئی اور پارٹی لیڈروں نے اس پر جوابی کارروائی کی۔ اس سے صاف ظاہر ہوا کہ پارٹی میں ایک بڑا طبقہ ہے جو ابھیشیک بنرجی کو مستقبل کا لیڈر مانتا ہے جبکہ ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو ممتا بنرجی کے علاوہ کسی کو قبول نہیں کر سکتا۔ اس صورتحال کو ذہن میں رکھتے ہوئے ممتا نے امیدواروں کے انتخاب اور ٹکٹ کی تقسیم کو لے کر ابھیشیک بنرجی سے بات بھی کی ہے۔ انہوں نے پارٹی کی تنظیمی قیادت کو واضح ہدایات دی ہیں کہ نئے اور پرانے کارکنوں میں بہتر تال میل پیدا کرکے کام کرنا ہوگا۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں