| پوری ریاست بنگال میں میونسپلٹی انتخابات 27 فروری کو |
پوری ریاست بنگال میں میونسپلٹی انتخابات 27 فروری کو
نیوزٹوڈے اردو:آج ریاستی الیکشن کمیشن نے شمالی بنگال میں میونسپلٹی کے انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا۔ یہ نوٹیفکیشن ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریاست میں کئی معلق میونسپلیٹوں میںانتخابات بھی ہو نے والے ہیں اوروہاں 12 فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ اس کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ میونسپل کاروپوریشن انتخابات سے بعد ہی میونسپلٹی انتخابات کے اعلان سے سیاسی ہلچل بڑھ گئی ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے میونسپلٹی انتخابات کی تیاریاں کافی عرصے سے جاری تھیں،اس اعلان کے بعد تیاریوں میںاضافہ کردیاگیا ہے۔ ان میں ترنمول کانگریس، بی جے پی، بایاں محاذ وغیرہ جیسی سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اتردیناج پور ضلع کے تحت کلیا گنج، اسلام پور، دلکولہ میونسپلٹی کے انتخابات ہوں گے۔ انتخابات کی تاریخ 27 فروری مقرر کی گئی ہے۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ گنگارام پور اور بالور گھاٹ میونسپلٹی کے انتخابات جنوبی دیناج پور ضلع کے تحت ہوں گے۔ پولنگ اور الیکشن کی تاریخ ایک ہی ہوگی۔ یعنی 27 فروری کو صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک انتخابات ہوں گے۔شمالی بنگال میں مالدہ ضلع کے تحت انگلش بازار اور اولڈ مالدہ میونسپلٹی کے انتخابات 27 فروری کو ہوں گے۔ یہاں بھی پولنگ کا وقت صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
وہیں ریاستی الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 27 فروری کو دارجلنگ ضلع کے تحت دارجلنگ میونسپلٹی، کوچ بہار، طوفان گنج، دن ہاٹا ،ماتھ بھنگا، میکھلی گنج اور ہلدی باڑی میونسپلٹی کے تحت انتخابات ہوںگے۔ جہاں ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔ اس کے علاوہ علی پور دوار اورپھالاکاٹا میونسپلٹی کے انتخابات علی پور دوار ضلع میں ہوں گے۔ یہاں بھی پولنگ کا وقت وہی رہے گا۔
اسی طرح جلپائی گوڑی ضلع میں مال، جلپائی گوڑی اور مینا گوڑی میونسپلٹیوں کے انتخابات 27 فروری کو ہوں گے۔ حال ہی میں میناگوڑی میونسپلٹی کا قیام عمل میں آیا۔ یہاں پہلی بار انتخابات ہو ںگے۔ پہلے یہ پنچایت کے ماتحت تھا۔ پولنگ کا وقت صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ 27 فروری کو نہ صرف شمالی بنگال میں بلکہ پوری ریاست کے مختلف اضلاع کے تحت مختلف میونسپلٹیوں میں ووٹنگ ہوگی۔ شمالی بنگال کے علاوہ جن دیگر اضلاع میں میونسپلٹی چناﺅکے لئے 27 فروری کو انتخابات ہونے والے ہیں ان میں مرشد آباد، ندیہ، شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ، ہگلی، جھارگرام، پرولیا وغیرہ شامل ہیں۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں