| گنجریا میں یک روزہ ریاستی سیمینار بحسن و خوبی اختتام پذیر |
گنجریا میں یک روزہ ریاستی سیمینار بحسن و خوبی اختتام پذیر
آزادیِ ہند کے لئے استعمال کی جانے والی شاعری میں اردو شاعری کو فوقیت حاصل ہے: پروفیسر علیم الدین شاہ
گنجریا اتحاد ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے مالی تعاون سے جامعہ اہل سنت جوہر العلوم گنجریا کے سیمینار ہال میں "آزادیِ ہند اور اردو شاعری" کے مرکزی موضوع پر یک روزہ قومی سیمینار کاانعقاد ہوا جس میں پروفیسر محبوب عالم، مفتی احمد رضا مصباحی، مولانا مشتاق نوری، ماسٹر طیب فرقانی، مفتی منظر محسن، مولانا محسن نواز، جناب مبارک علمی، ماسٹر عبد الواحد مخلص، ماسٹر اظہار انور، پروفیسر عزیر احمد، پروفیسر علیم الدین شاہ اور دیگر اہل علم نے شرکت کی اور اپنے علمی و ادبی، قیمتی اور مفید مقالے پیش کیے۔
سیمینار کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت اور طلبۂ جامعہ اہل سنت جوہر العلوم کی نعت خوانی سے ہوا۔ بعدہٗ سیمینار میں بطور مقالہ نگار شریک ہونے والے اسکالرز نے اپنے وقیع مقالہ جات پیش کیے۔
یہ سیمینار پروفیسر محمد علیم الدین شاہ ہیڈ شعبۂ اردو چوپرا کالج، چوپرا، مغربی بنگال کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سب سے پہلے پروفیسر محبوب عالم نے ’’ آزادیِ ہند اور جوش ملیح آبادی‘‘ کے عنوان سےاپنا مقالہ پیش کیا اور مفتی احمد رضا مصباحی نے ’’حسرت موہانی کی شاعری بحوالہ آزادیِ ہند‘’ کے عنوان سے اپنا وقیع مقالہ پیش کیا۔
مولانا مشتاق نوری نے "جد و جہد آزادی اور بسمل کی حدی خوانی" پر اور ماسٹر طیب فرقانی نے "آزادیِ ہند اور چکبست" کے عنوان پر اپنے مفید مقالے پیش کیے۔ مفتی منظر محسن نے "مولانا محمد علی جوہر کی شاعری بحوالہ آزادیِ ہند" کے عنوان پر اپنے مقالے سے سامعین کو محظوظ کیا۔ بعدہ مولانا محسن نواز نے اپنا مقالہ بعنوان: "جد و جہد آزادی کے واقعات اور اردو شاعری" اور جناب مبارک علمی نے اپنامقالہ بعنوان:’’آزادیِ ہند اور اردو قطعات‘‘ پیش کیا،
جب کہ ماسٹر عبد الواحد مخلص نے" اشفاق اللہ خان کی شاعری بحوالہ آزادیِ ہند" پر اپنے قیمتی مقالے سے روشنی ڈالی۔ماسٹر اظہار انور نے "آزادیِ ہند اور فلمی نغمات" پر اپنا مقالہ پڑھا
آخری مقالہ نگار کی حیثیت سے پروفیسر عزیر احمد، شعبۂ اردو اسلام پور کالج تھے۔ اُنھوں نے اولا سامعین بالخصوص طلبۂ جامعہ اور سیمینار کے منتظمین سے ناصحانہ و مشیرانہ گفتگو کی اور سیمینار کلچر کو اس علاقے میں زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر زور دیا۔
صدارتی خطبہ پروفیسر محمد علیم الدین شاہ، ہیڈ شعبۂ اردو، چوپرا کالج، چوپرا نے پیش کیا جس میں انہوں نے مقالہ نگاروں کی حوصلہ افزائی کی اور سیمینار کے منتظمین کی ستائش کی۔ آزادیِ ہند میں اردو شاعری کے کردار کے حوالے سے انہوں نے ایک تاریخی بات کہی کہ آزادیِ ہند کے لئے استعمال کی جانے والی شاعری میں اردو شاعری کو فوقیت حاصل ہے۔
مقالہ نگاروں کے علاوہ ڈاکٹر صادق الاسلام اسلام پور کانگریس بلاک پریسیڈنٹ اور جناب جاوید اختر ٹی ایم سی لیڈر نے اپنے تاثراتی خیالات کا اظہار کیا۔نظامت کے فرائض مولانا محمد شہباز عالم مصباحی اسسٹنٹ پروفیسر و صدر شعبۂ عربی سیتل کوچی کالج، کوچ بہار نے ادا کیے، جب کہ سارا انتظام وانصرام سوسائٹی کے سکریٹری جناب محمد حفیظ الدین اور نوجوانانِ گنجریا نیشنل کلب نے انجام دیا۔
خصوصی سامعین شرکا میں مولانا جمیل اختر اشرفی، مولانا تنویر احمد مصباحی جنرل سیکرٹری جامعہ اہل سنت جوہر العلوم گنجریا، مولانا اظہار اشرف مصباحی، قاری تجمل حسین نوری، قاری توحید عالم، قاری فیاض احمد نقشبندی، قاری وصی اکرم کے نام قابلِ ذکر ہیں۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں