این جے پی اور بنگلہ دیش کے ڈھاکہ کے درمیان جلد شروع ہونے والی ہے ٹرین سروس
| این جے پی اور بنگلہ دیش کے ڈھاکہ کے درمیان جلد شروع ہونے والی ہے ٹرین سروس |
نیوزٹوڈے اردو:جلد ہی بنگلہ دیشی سیاحوں کی بھیڑ خاص طور پر ڈھاکہ سے سلی گوڑی میں بڑھنے والی ہے۔ ملی جانکاری کے مطابق این جے پی اور ڈھاکہ کے درمیان ٹرین آئندہ دو تین دنوں میں شروع ہونے والی ہے۔حکومت ہند کے اسپیشل سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا کے بیانات سے بھی پتہ چلتا ہے کہ سلی گوڑی اور ڈھاکہ کے درمیان ٹرین سروس شروع ہو جائے گی اور یہ کام اسی مہینے میںہو گا۔ ہندستان اور بنگلہ دیش کے وزرائے اعظم کے درمیان تمام بات چیت مکمل ہو گئی ہے۔ حال ہی میں ہرش وردھن سنگلا دارجلنگ کے جم خانہ کلب آئے تھے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ڈھاکہ اور بنگلہ دیش میں این جے پی کے درمیان ریل سروس اسی ماہ شروع ہونے والی ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے 2020 میں چلتی اور ہلدی باڑی کے درمیان ریلوے سروس شروع کرنے کے بارے میں بات چیت کی تھی جو 1965 سے بند تھی۔ اس کے لئے دونوں ممالک نے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں۔ ہلدی باڑی اسٹیشن، کوچ بہار سے چلہٹی تک ریل لائن کو جوڑنے اور اسٹیشن پلیٹ فارم کا افتتاحی پروگرام پہلے ہی ہو چکا ہے۔ہندستان پہلے ہی بنگلہ دیش کے لوگوں کو سکم جانے کی اجازت دے چکا ہے۔ اب ٹرین سروس شروع ہونے کا انتظار ہے۔ ملی جانکاری کے مطابق سلی گوڑی کے قریب این جے پی اسٹیشن پر اس کے لئے خصوصی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یہ خصوصی ٹرین سروس ایک نمبر پلیٹ فارم سے شروع کئے جانے کا امکان ہے۔ بنگلہ دیش سے آنے والے مسافروں کے لئے یہاں ایک چیک پوسٹ بھی قائم کی جا رہی ہے۔ یہ چیک پوسٹ صرف ایک نمبر پلیٹ فارم پر ہوگی۔ اس کے ساتھ توقع ہے کہ یہ اسپیشل ٹرین سروس پلیٹ فارم نمبر ایک سے شروع ہوگی۔ اگر ڈھاکہ اور سلی گوڑی کے درمیان ٹرین سروس شروع ہوتی ہے تو سلی گوڑی کے ساتھ ساتھ سکم، دارجلنگ، ڈواراس اور پہاڑی علاقوں کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ان علاقوں کی اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا اور روزگار بھی ملے گا۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں