| سہ ماہی پیام بصیرت شمارہ ٣ ( دسمبر ، جنوری ، فروری) |
سہ ماہی پیام بصیرت شمارہ ( دسمبر ، جنوری ، فروری)
ایڈیٹر:مولانا فیضان رضا علیمی صاحب
شائع کردہ:جماعت رضاے مصطفٰی ، سیتامڑھی ، بہار
سہ ماہی ”پیام بصیرت“ کا تیسرا شمارہ اپنی رنگا رنگ خوبیوں کے ساتھ نذر قارئین ہے۔ تازہ شمارہ صحافت کی ساری خوبیوں سے لیس ، حسب سابق خوب بلکہ خوب تر ہے۔ مضامین کا انتخاب عمدہ ہے ، نائب مدیر حضرت مولانا عامر حسین مصباحی صاحب کی عرق ریزی نے تزئین کی ساری خوبیاں رسالے میں سمو دی ہے۔ اس میں پچھلے شماروں سے زیادہ تنوع ہے موجود ہے۔
بھارت کی قدیم دینی تحریک ”جماعت رضاے مصطفٰی“ کی سیتامڑھی اور اورنگ آباد (مہاراشٹر) کی شاخیں اس اعتبار سے ممتاز حیثیت رکھتی ہیں کہ دوسرے دینی اور تبلیغی پہلوؤں کے ساتھ ساتھ اشاعتی میدان میں بھی سرگرم عمل ہیں۔
مجلس ادارت ، محررین اور مشاورین کے ناموں کو دیکھ کر ایک پریوار کا احساس ہوتا ہے۔ یہ رسالے کی مقبولیت کی ایک دلیل ہے۔ ہماری کم نصیبی رہی ہے کہ خطیب کا ایک بیان دیکھ کر یا سن کر ہم انھیں سر پر بٹھالیتے ہیں ، ان کے ارد گرد القاب و نوازشات کی طومار کھڑی کر دیتے ہیں؛ لیکن یہ مضمون نگار حضرات ، قیمتی وقت نکال کر ، سخت محنت اور جاں فشانی سے عمدہ اور حالات کی عکاس تحریریں لکھ کر عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں ، بدلے میں نہ ان کی سراہنی ہوتی ہے ، نہ ہی ان کی کاوشوں کی مناسب قدر ہوتی ہے۔ حالان کہ اچھی تحریریں سب پڑھتے اور شیئر کرتے ہیں۔
چار صفحات پر مشتمل مدیر اعلی کا فکری اداریہ ”عصر حاضر میں سنی کانفرنس کی ضرورت “ حالات کے مطابق بہترین تحریر ہے۔ اسلامیات کے کالم میں ، کہنہ مشق قلم کار، حضرت مفتی جاوید احمد عنبر مصباحی صاحب کا ”بہار میں رسم جہیز“ ایک عمدہ اور اصلاح معاشرہ پر کار آمد مضمون ہے۔ اسی طرح ”بہار میں اردو صحافت؛ ایک جائزہ“ از مولانا صابر رضا رہبر مصباحی بھی ایک اچھی تحریر ہے۔
حضرت علامہ مفتی راحت احسان برکاتی صاحب نے ”تبلیغی جماعت سے پرہیز کیوں؟“ عنوان سے تحقیقی مقالے کی ابتدا کی ہے۔ پہلی قسط نہایت شان دار اور شاہ کار ہے۔ قلم کاروں کی فہرست پر ایک طائرانہ نظر ڈال کر ہی آپ رسالہ پڑھنے پر مجبور ہو جائیں گے! اس میں سے مفکر ملت، حضرت مولانا غلام مصطفٰی نعیمی صاحب (عقائد کے ساتھ تہذیب و ثقافت کا تحفظ بھی ضروری ہے) ، ضرت مفتی سلیم بریلوی صاحب (حامد منی و انا من حامد) ، ادیب شہیر، حضرت مولانا توفیق احسن برکاتی صاحب (حافظ ملت ؛ ایک علمی جہان ) ، مولانا آصف جمیل امجدی صاحب (وقت پر وقت کی بات نہ مانی جائے) خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
سہ ماہی پیام بصیرت کا یہ تازہ شمارہ آپ ایک بار ضرور مطالعہ کریں! مطالعے کے بعد اپنے تاثرات بھی عطا کریں۔ تاکہ ادارتی ٹیم کی حوصلہ افزائی ہو اور صحافت کا یہ عظیم سلسلہ کامیابی سے جاری رہ سکے۔ پی ڈی ایف فائل کے لئے رابطہ کریں!
مدیر اعلی : 8604387933
مدیر: 9060158121
مبصر: انصار احمد مصباحی،جماعت رضاے مصطفی ، اتر دیناج پور، بنگال 9860664476


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں