![]() |
| دارالعلوم نورمحمدی کے دو طالب علم مہاراشٹرابورڈ کے دسویں امتحان میں اعلیٰ نمبرات سے کامیاب |
دارالعلوم نورمحمدی کے دو طالب علم مہاراشٹرابورڈ کے دسویں امتحان میں اعلیٰ نمبرات سے کامیاب
ذہنی وفکری مقابلہ آرائی کے دور میں انسان کا تعلیم یافتہ ہونا کتناضروری ہے یہ کسی سے مخفی نہیں ہے۔دینی اور شرعی رہنمائی کے لئے دینی علوم سے وابستگی اور زمانہ سے ہم آہنگ ہونے کے لئے عصری علوم پر عبور ہونا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ان تقاضوں کوپورا کرنے کے لئے اپنی سطح پر شب وروز لوگ محنت کررہے ہیں اوردینی وعصری علوم سے طلبہ کو آراستہ کرنے کے لئے منظم نصاب تعلیم اورلائحہ عمل تیار کررہے ہیں۔
ان سب کی کاوشوں کے درمیان مجھے یہ بتاتے ہوئے بڑی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ دارالعلوم نورمحمدی ایجوکیشنل ٹرسٹ نے اس سمت میں اقدامات کی جس میں دارالعلوم کو کافی کامیابی ملی ہے۔ عروس البلاد بمبئی کے میراروڈ میں قائم دینی واقامتی ادارہ دارالعلوم نورمحمدی ایجوکیشنل ٹرسٹ طلبہ کی ہمہ جہت تعلیمی،فکری اور تربیتی ترقی پر یقین کرتے ہوئے گزشتہ کئی سالوں سے اس سمت میں کامیابی کی راہ پر گامزن ہے۔
مدارس کے مکمل نصاب کااحاطہ کرنے کے ساتھ ساتھ اسکول میں بچوں کا داخلہ کرایاجاتا ہے ،تاکہ ایک ساتھ دونوں تعلیم بچوں کوحاصل ہوں۔ ہم نے مدرسہ،اسکول اور ٹیوشن کو مد نظر رکھتے ہوئے اوقات درس کوترتیب دیا ہے۔ہرموڑ پرطلبہ کی رہنمائی کے لئے راقم الحروف(مولانا ساحل اختر،ناظم اعلیٰ دارالعلوم ھٰذا)اور دیگر مخلص اور باصلاحیت اساتذہ (حافظ مثنی صاحب ،حافظ جسیم صاحب اور ماسٹر عمران صاحب)تیار رہتے ہیں اوربچے بھی اپنی غیر معمولی دلچسپی کامظاہرہ کررہے ہیں۔ہم سب کی شب وروز محنت اور لگن رنگ لائی اور شگفتہ گل بن اپنی خوشبوسے سبھی کومعطرکیا۔
دراصل حالیہ مہاراشٹراسٹیٹ سکنڈری اور ہائرسکنڈری ایجوکیشن بورڈ کے 10ویں کے نتائج کا اعلان ہوا جس میں دارالعلوم نورمحمدی ایجوکیشنل ٹرسٹ کے دوطالب علموں نے اعلیٰ نمبرات سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ریاست بہار کے کشن گنج ضلع کے تحت پوٹھیابکسا کے رہنے والے محمد ذاکر عالم کے صاحبزادے فیروز رضا اورسیوان ضلع کے تحت حاتم پور چاند ٹولہ گا?ں کے رہنے والے محمد ذاکرحسین کے صاحبزادے سہیل انصاری ہمارے ادارے دارالعلوم نورمحمدی ایجوکیشنل ٹرسٹ کے شعبہ حفظ میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
اس بار مہاراشٹرااسٹیٹ سکنڈری اور ہائر سکنڈری ایجوکیشن بورڈ کے 10ویں کے امتحان میں دونوں شریک ہوئے تھے جس میں سہیل انصاری نے 70.20%فیصد نمبرات کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے وہیں فیروز رضا نے 67%فیصدنمبرات سے کامیابی درج کرائی ہے۔جب ان دونوں کا نتیجہ ہمارے سامنے سے گزرا تو ہمیں کافی خوشی ہوئی اور ہم نے اللہ عزوجل کا شکر بجالایاساتھ ہی ہمیں بچوں کی تعلیمی ترقی کے لئے مزید بہتر خدمات انجام دینے کا جذبہ اور حوصلہ ملا۔
میں آپ کو بتاوں ابھی ہمارے ادارے میں بہت بچے ایسے ہیں جو مدرسہ میں شعبہ حفظ میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسکول کے درجہ ہفتم،ہشتم اور نہم میں بھی کلاسیس لے رہے ہیں اور باضابطہ طورپر ٹیوشن کا انتظام کیاگیا ہے جس کے اخراجات دارالعلوم ھٰذا ہی برداشت کرتا ہے ،یہ بچے بھی کافی حوصلہ مند ہیں۔ان شاءاللہ یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔
اخیر میں قوم وملت کے مخیر حضرات سے یہی عریضہ ہے کہ اس نیک کام میں ہمارے دست وبازو بنیں اورتعلیم وتعلم کے حسین کڑی کو جاری رکھنے لئے خصوصی توجہ دیں تاکہ یہ عظیم کام انجام پاتارہے۔
فقط والسلام:
مولانا ساحل اختر
ناظم اعلیٰ: دارالعلوم نورمحمدی ایجوکیشنل ٹرسٹ میراروڈ ممبئی۔



کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں