کتاب” خصائص فتاوی رضویہ“ کی تقریب رونمائی
نیوزٹوڈے اردو:اسلام پور تھانہ کے پنڈت پوتہ دونمبر گرام پنچایت کے تحت جامعہ نگر قاضی گاوں کی جامع مسجد سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ میں مفتی محمد کمال الدین اشرفی مصباحی کی تحریر کردہ کتاب خصائص فتاوی رضویہ کی رسم رونمائی کی تقریب منعقد کی گئی جس کی سرپرستی رفیق ملت مولانا الحاج محمد نور الدین احمد نوری اور صدارت مفتی محمد ذاکر حسین نوری مصباحی ناظم اعلی جامعہ طیبة الرضا چنتل میٹ حیدرآباد اور نظامت مولانا محسن نواز دیناجپوری نے کی۔مفتی ذاکر حسین نوری مصباحی فنا القادری نے خصائص فتاوی رضویہ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس کتاب کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک مہینے کے اندر اس کے تین تین ایڈیشن شائع ہوئے پہلا ایڈیشن مولانا نور الدین اکیڈمی جامعہ حضرت مولانا نور الدین للبنات سے شائع ہوا دوسرا ایڈیشن امام احمد رضا اکیڈمی بریلی شریف نے شائع کیا جبکہ تیسرا ایڈیشن اکبر بک سیلر لاہور پاکستان نے شائع کیا اور چوتھا ایڈیشن عنقریب رضا اکیڈمی ممبئی سے شائع ہونے جا رہا ہے۔
| خصائص رضویہ کا کوور پیچ جو کافی دیدہ زیب ہے |
3انہوں نے کہاکہ فقہ وافتا اور رضویات سے دلچسپی رکھنے والے علما ومحققین کے درمیان یہ کتاب بہت مختصر وقت میں کافی مقبول ہوئی۔ رضویات کے ماہرین کا ماننا ہے کہ فتاویٰ رضویہ شریف کے امتیازات وخصوصیات کے عنوان پر یہ ایک منفرد اور قیمتی کتاب ہے اور اس کتاب کو "آینہ فتاویٰ رضویہ "کہا جا سکتا ہے ۔قرطاس و قلم اور علم و ادب کے شائقین اس کتاب کو بڑی تیزی کے ساتھ اپنے مطالعہ کے لئے منگوا رہے ہیں اور تاجر حضرات اپنے کتب خانوں کے لئے بک کرا رہے ہیں آپ حضرات بھی اس اہم اور معلوماتی کتاب سے استفادہ کریں اور اپنی معلومات میں اضافہ کریں۔مفتی ذاکر مصباحی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ اس اہم کتاب کے مصنف ہمارے دولالی گرام قصبہ رام گنج اسلام پور کے رہنے والے ہیں اور اس کتاب کو سب سے پہلے شائع کرنے کا شرف جامعہ نگر قاضی گاوں اسلام پور کو ہی حاصل ہے اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہمارے علاقہ اسلام پور میں کیسے کیسے ماہرین علم وفن موجود ہیں جن کی شہرت پورے ہندستان اور بیرونی ممالک میں بھی ہے جہاں جہاں تک یہ کتاب پہنچے گی وہاں تک مصنف و ناشر کے ساتھ اسلام پور کا نام بھی پہنچے گااور رضویات کے فروغ میں ہمارے علاقہ کا نام بھی نمایاں طور پر لکھا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ مصنف کتاب مفتی محمد کمال الدین اشرفی مصباحی ہمارے اسلام پور علاقے کے وہ انمول ہیرا ہیں جن کی تدریسی، علمی، قلمی خدمات اور صلاحیتوں کا اعتراف اکابر علما و مشائخ نے کیا ہے جو تفصیل کے ساتھ ان کی تحریر کردہ کتابوں میں موجود ہے۔ موصوف جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے ممتاز فارغین میں سے ہیں مخدوم اشرف مشن پنڈوہ شریف کے سابق صدر المدرسین و صدر مفتی ہیں اور پچھلے دو دہائیوں سے گورنمنٹ ملازمت سے منسلک ہو کر اتر پردیش میں تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ساتھ ہی تحریر و قلم سے بھی سب کو فیض یاب کر رہے ہیں اب تک ان کی ایک درجن کتابیں شائع ہوچکی ہیں اور درجنوں کتابیں ابھی زیر ترتیب ہیں۔شعراے کرام کی نعت و منقبت اور حضور رفیق العلما کی دعاوں کے ساتھ پرو گرام اختتام پزیر ہوا۔اس موقع پر عوام و خواص کے علاو ہ مولانا محمد ادریس عالم،مولانا حافظ محمد اظہار الحق،مولانا ساجد عالم اور دیگر علما بطور خاص موجود تھے۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں