حمدباری تعالی۔۔۔
| حمدباری تعالی |
رحمتوں کی چلا کر ہوا رات دن
عشق کا پھول دل میں کھلا رات دن
آرزو کیا ہو اسکے سوا رات دن
چاہوں میں صرف تیری رضا رات دن
کیوں کبھی غیر سے کچھ بھی مانگوں بھلا
جبکہ ملتی ہو تیری عطا رات دن
میں نے پاکر تری نعمتیں بے شمار
شکر الحمد للّٰہ کہا رات دن
میں کروں تیری تسبیح و تہلیل بس
ذکر واذکار کا ہو سما رات دن
گردشوں کے مقابل کھڑا ہونے کا
مجھ کو دیتا ہے تو حوصلہ رات دن
مجھ کو اپنا کہا ہے تو جلوہ دکھا
لن ترانی کی کیوں ہے صدا رات دن
ابن آدم نے جب بھی کیا غورفکر
تیری وحدت کا عقدہ کھلا رات دن
کون تیرے سوا ہم پہ رکھے بھلا
ناز و نعمت کا اب سلسلہ رات دن
یاخدا ہو یہی آرزوئے نثار
وہ کرے جان تجھ پر فدا رات دن
نثاردیناج پوری


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں