65واں چودھری یوسف گنج عرس میلہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
نیوزٹوڈے اردو:اسلام پور شہر کے اسٹیٹ چودھری آفاق نگر ،یوسف گنج میلہ ماٹھ کے خدارسید بزرگ حضرت سید فضل ربی مستان عاشق اللہ علیہ الرحمة کا 65واں عرس شان وشوکت کے ساتھ منایاگیا۔اسلام پور کے مشہور زمیندار چودھری محمد یوسف کے صاحبزادے چودھری محمد آفاق کے ذریعہ قائم شدہ یوسف گنج مزار شریف میںچودھری محمد آفاق کے صاحبزادے چودھری ڈاکٹر محمدعزیز حسن کے علاوہ چودھری محمد اشفاق ،چودھری محمد اقبال عزیز،چودھری محمد اسحق عزیز اور ڈاکٹرچودھری غلام مرتضیٰ سمیت چودھری خاندان کے جملہ ممبران کے زیر نگرانی ہر سال کی طرح اس سال بھی عرس کا اہتمام کیاگیالیکن عالمی وباکورونا کی وجہ سے عرس کے تقریبات مختصر انداز میں منعقد کئے گئے۔عرس سے ایک دن قبل دن گیارہ بجے مزارشریف کو غسل دیاگیااور دوسرے دن صبح 8بجے سے دوپہر1بجے تک قرآن خوانی کا اہتمام ہوا جس میںمدارس کے طلبہ کے علاوہ قرب وجوار کے ہرعام وخاص اور حضرت سید فضل ربی مستان علیہ الرحمہ کے عقیدت مندلوگوں نے قرآن خوانی میںحصہ لیا۔بعدنماز ظہرچادر پوشی کی گئی اورفاتحہ خوانی وصلوٰة وسلام کے بعد قوم وملت کے لئے دعاکی گئی ۔ ساتھ ہی حاضرین کے درمیان تبرکات بھی تقسیم کی گئی۔
چودھری ڈاکٹر محمدعزیز حسن نے بتایاکہ خدارسید بزرگ حضرت سید فضل ربی مستان عاشق اللہ علیہ الرحمہ کا عرس اسلام پور واطراف سمیت دوردراز علاقوں میں مشہور ہے،جس میں بلاتفریق مذہب وملت سبھی لوگ شریک ہوتے ہیں اوراپنی مرادیں پاتے ہیں لیکن گزشتہ دوسالوںسے عالمی وباکورونا وائرس کی وجہ سے عرس کے تقریبات مختصر اندازمیں منعقد کئے جارہے ہیں۔ گزشتہ سالوں کی طر ح اس سال بھی جلسہ اور قوالی کاپروگرام منعقدنہ کرکے صرف قرآن خوانی اور دعائیہ محفل کا ہی اہتمام ہوا جو کافی کامیاب رہا۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حالات کے تقاضوںاور بے قابو بھیڑ پر قابوپانے کے لئے جلسہ وقوالی منعقد نہ کرکے حضرت سید فضل ربی مستان عاشق اللہ علیہ الرحمہ کے مزار پر صرف قرآن خوانی اور محفل ذکر ودعاپر ہی اقتصار کیاگیا،اور الحمدللہ مستان صاحب علیہ الرحمہ کے چاہنے والوں نے ان کے روضے پر قرآن خوانی ،ذکر،تسبیح وتہلیل کرکے اپنی عاقبت کو تابناک بنایااور صاحب مزار کے روحانی فیوض وبرکات سے مستفیض ہوئے۔انہوںنے بتایا کہ موجودہ معاشرہ اور طرززندگی کے مد نظر آئندہ سالوں میںبھی عرس مبارک کے مقدس ایصال ثواب ،خیر وبرکت کے تقریبات کو روحانی فیوض سے مستفید ہونے کے لئے مندرجہ بالاطرز کے مطابق ہی منایاجائے گا۔ ان شاءاللہ تعالیٰ
چودھری محمدعزیز حسن کے مطابق مرشد آباد ضلع کے دلاورپور گاﺅں سے تعلق رکھنے والے فضل ربیّ صاحب نامی ایک شخص جو کسی سرکاری دفتر میں نوکری کرتے تھے لیکن دھیرے دھیرے ان میں روحانیت پیداہوگئی اس کے بعد وہ اللہ کے راستے میں نکل پڑے۔چودھری ڈاکٹرمحمدعزیز حسن نے بتایاکہ نہایت ہی مہذب اور صوفی شخصیت فضل ربیّ صاحب ہر وقت اللہ کے ذکر میں مشغول رہنے لگے اور روحانی طاقت کے مالک بن گئے۔وہ ملک بھر میں گھوم کر اللہ کا ذکر کیاکرتے۔ایک مرتبہ جب وہ اسلام پور آئے تو ان سے چودھری گھرانے میں ہی قیام کرنے کی گزارش کی گئی اور ان کے لئے اسٹیٹ میں ہی ایک جگہ دے گئی جہاںو ہ رہنے لگے اور یہاں بھی وہ اپنی ذکرواذکارمیں مشغول رہے۔
1957 میں صوفی فضل ربیّ صاحب کا انتقال ہوگیا اور اس وقت کے ایم ایل اے و زمیندار مرحوم چودھری محمد آفاق صاحب کی خواہش پر انہیں میلہ ماٹھ میںسپرد خاک گیاگیا اور پھر 1959 میںان کی قبر پر مزار بنایاگیا اور مرحوم چودھری محمد آفاق صاحب کی نگرانی میں ہی باضاطہ عرس کا اہتمام ہونے لگا۔ان کے بعد ان کے صاحبزادے ڈاکٹرچودھری محمد عزیز حسن اور ایڈوکیٹ چودھری محمد منظر آفاق مرحوم بخوبی ذمہ داری کے ساتھ ہرسال عرس کا اہتمام کرتے رہے،کچھ سالوں قبل ہی ایڈوکیٹ چودھری محمد منظر آفاق قضائے الٰہی کے تحت اللہ کو پیارے ہوگئے اور آج ڈاکٹرچودھری محمد عزیز حسن اور چودھری خاندان کے دیگر ممبران اپنی دیکھ ریکھ اور مکمل تعاون سے عرس میلہ کا انعقاد کرتے ہیں۔ گزشتہ 65سالوں سے اس سالانہ عرس کا اہتمام کیاجاتاہے جو علاقے میںیوسف گنج عرس میلہ کے نام سے مشہور ہے۔
چودھری ڈاکٹرمحمد عزیزحسن نے بتا یا کہ یہ عرس میلہ سبھی مذاہب کے لوگوں میں مقبول ہے۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو مذہب کے لوگ بھی یہاں پہنچ کر مرادیں مانگتے ہیں اس طرح سبھی عقیدے کے ماننے والے لوگ عرس کے موقع پر یہاں حاضری دیتے ہیں ۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں