تازہ ترین

Post Top Ad

ہفتہ، 29 جنوری، 2022

سہ ماہی ”پیغام مصطفٰی ﷺ“ ، اتر دیناج پور ، شمارہ نمبر 11

سہ ماہی ”پیغام مصطفٰی ﷺ“ ، اتر دیناج پور  ، شمارہ نمبر 11
 سہ ماہی ”پیغام مصطفٰی ﷺ“ ، اتر دیناج پور  ، شمارہ نمبر 11


 سہ ماہی ”پیغام مصطفٰی ﷺ“ ، اتر دیناج پور  ، شمارہ نمبر 11

    مدیر اعلی : حضرت مفتی ساجد رضا مصباحی صاحب

     ناشر: تنظیم عاشقان مصطفٰی ﷺ ، شاہ پور بازار ، اتر دیناج پور، مغربی بنگال 

    عزیز قارئین …!

    اس وقت میرے ہاتھوں میں ”پیغام مصطفٰی ﷺ “ کا تازہ شمارہ (جنوری تا مارچ 2022ء) موجود ہے۔ یوں تو یہ مجلہ صحافتی معیار کی ساری خوبیوں سے لیس ہے ، مگر تبصرے کے لئے میری خاص دل چسپی کی وجہ ایک اتفاقی تاریخی واقعہ ہے۔

    اس  مجلے میں سیمانچل کے دو عظیم فقیہ ، جن کا حال ہی میں فقط تین دنوں کے فاصلے سے وصال ہوا ، کے مضامین شامل ہیں۔ پہلے شخص ہیں ، کنز الدقائق ، بحر العلوم حضرت علامہ مفتی حسن منظر قدیری صاحب اور دوسرے تو آپ سمجھ گئے ہوں گے ، فاضل جلیل ، محقق اہل سنت ، فقیہ بے بدل حضرت علامہ مفتی آل مصطفٰی مصباحی صاحب ( نور اللہ مرقدھما و قدس سرھما)۔ میری معلومات کے مطابق یہ تحریریں دونوں شخصیات کی حیات کی آخری مطبوع کام ہیں۔

    ایک اور اہم خوبی جو آپ کو یہ شمارہ دعوت مطالعہ دے رہی ہے ، یہ ہے کہ یہ اپنے مذکورہ گیارھواں  شمارے میں ” قدوة العلماء حضرت مولانا شاہ حفیظ الدین برہانی معروف بہ " حضرت لطیفی سرکار" قدس سرہ العزیز“ پر خصوصی گوشہ شایع کیا ہے۔ سہ ماہی پیغام مصطفٰی ﷺ پورے سیمانچل کا واحد نمایندہ مجلہ ہے۔ حضرت لطیفی علیہ الرحمہ پر خصوصی گوشہ نکالنا اس کا اپنا حق تھا۔ اب یوں کہا جا سکتا ہے کہ ”حق بہ حق دار رسید“۔اس شمارے میں حضرت لطیفی کی حیات و خدمات پر ملک و ملت کے مستند ارباب فکر و قلم نے اپنی تحریر و آرا پیش کی ہیں۔ اس میں مذکورہ دونوں شخصیات کے علاوہ فقیہ النفس حضرت علامہ مفتی مطیع الرحمان مضطرؔ پورنوی ، قاضی اتر دیناج پور ، حضرت علامہ مفتی ذو الفقار علی رشیدی مصباحی ، حضرت مولانا ارشاد عالم ساحلؔ سہسرامی ، وارث علوم لطیفی سرکار ، حضرت مولانا خواجہ ساجد عالم لطیفی مصباحی اور ڈاکٹر اعجاز انجمؔ لطیفی صاحبانِ فکر و قلم کے نام درج ہیں۔

    اردو زبان و ادب کے تنخواہ خور حضرات ، اردو کے تحفظ و ترقی کے تئیں جتنے شو ر و غل کرلیں ، یہ حقیقت اپنی جگہ اٹل ہے کہ آج ہند و پاک میں اردو زبان و ادب کی بقا و اور اس کی اشاعت ، مدارس اسلامیہ اور علما ہی کے مرہون منت ہیں۔

    بر صغیر میں اردو کی بہاریں اس وقت تک بل کھاتی رہیں گی ، جب تک یہاں اسلام کا سورج چمکتا دمکتا رہے گا اور ”الاسلام یعلو ولا یعلی “۔ سہ ماہی پیغام مصطفٰی ﷺ صحافت کی اسی عظیم سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    مشمولات پر ایک نظر:   ”گاہے گاہے باز خواں ایں قصہ پارینہ را “ عنوان سے اداریہ ، اسلاف شناسی کے جذبے سے سرشار ہے۔ یہاں آپ کو ملی درد و کرب ، یاران طریقت سے گلے شکوے اور منصوبے اور حل ملیں گے۔

    ”حضرت لطیفی کی شخصیت حق و ناحق کے مابین خط امتیاز“ کی ہیڈ لائن کے ساتھ ، مفتی مطیع الرحمان صاحب قبلہ کی ، دس سال قبل عرس صد سالہ کے موقع پر کی گئی ایک تقریر کا خلاصہ ہے ، جو بہت ہی دل چسپ اور معلوماتی ہے۔ حضرت مولانا خواجہ ساجد رضا لطیفی مصباحی صاحب نے حضرت لطیفی سرکار علیہ الرحمہ کی حیات و خدمات کو مختصر اور جامع انداز میں ہدیہ قارئین کیا ہے۔ مفتی آل مصطفی مصباحی علیہ الرحمہ کا تحقیقی مضمون ” حضرت لطیفی کی اعتقادی حیثیت “ نے ہمیں بہت متاثر کیا۔ یہ تحریر رسالہ میں گل سر سبد کی حیثیت رکھتی ہے۔ ادیب شہیر حضرت مفتی ساحل سہسرامی صاحب نے حضرت کے عشق رسالت مآب ﷺ کے گوشے پر داد تحقیق دی ہے۔

    کنز الدقائق مفتی حسن منظر قدیری صاحب علیہ الرحمہ اور مفتی ذوالفقار علی رشیدی مصباحی صاحب نے بالترتیب حضرت کی اردو شاعری اور فارسی نثر نگاری پر بہترین تحریریں پیش کی ہیں۔

حضرت لطیفی سرکار کون ہیں:

     قدوة العلماء ، حضرت شاہ حفیظ الدین لطیفی علیہ الرحمہ علیہ کی شخصیت پورے سیمانچل کے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ آپ ، اعلی حضرت شاہ امام احمد رضا خان بریلوی رضی اللہ تعالی عنہ کے ہم عصر ہی نہیں ؛ بلکہ مشن مذہب اہل سنت و جماعت کے فروغ میں ہم دم و ہم قدم تھے۔ حضرت لطیفی 1245ھ میں کنہریا ، ضلع کٹیہار ، بہار میں پیدا ہوئے اور اور 1333ھ (1915ء) میں وفات پائی۔ علوم ومعارف سے پُر ایک درجن سے زائد کتابیں یاد گار ہیں۔ با کرامت شخصیت کے مالک تھے۔ مزار پر انوار رحمان پور شریف ، بارسوئی ضلع کٹیہار میں مرجع خلائق ہے۔ حضرت صدر الشریعہ علیہ الرحمہ نے شاہ صاحب کی ان الفاظ میں توثیق کی ہے:

    ”مولانا شاہ حفیظ الدین کا مسلک مصنف تقویة الایمان سے بالکل الگ ہے۔ وہ [حضرت لطیفی] اس کتاب کو گم راہ کن قرار دیتے تھے۔ 

    (فتاوی امجدیہ  : ج ، 4 ، ص ، 72)

    حضرت کی حیات سے جڑی کئی اہم واقعات ، آپ کی محیر العقول کرامات اور اردو و فارسی نثر و نظم نگاری ، حیات سعید کے اہم گوشوں کے تعلق سے دل چسپ معلومات کے لئے آپ کو ، اس شمارے میں موجود اکابر علما کی تحریں ضرور پڑھنی چاہیے !

    پی ڈی ایف فائل حاصل کرنے کے لئے رابطہ کریں!

    مفتی محمدساجد رضا مصباحی۔9473927746

    مولانا مظفرحسین رضوی۔9734927165

     انصار احمد مصباحی،رکن جماعت رضاے مصطفٰی ، اتر دیناج پور ، مغربی بنگال

    9860664476/ armisbahi@gmail.com



2 تبصرے:

Post Top Ad