![]() |
| مالدہ کی شریفہ خاتون مغربی بنگال ہائی مدرسہ بورڈکے سکنڈری امتحان میں ٹاپر |
مالدہ کی شریفہ خاتون مغربی بنگال ہائی مدرسہ بورڈکے سکنڈری امتحان میں ٹاپر
نیوزٹوڈے اردو:مغربی بنگال ہائی مدرسہ بورڈ میں سکنڈری امتحان میں ٹاپ کرنے والی مالدہ کی شریفہ خاتون اپنی مزید پڑھائی کو لے کر پریشان ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سال شریفہ خاتون نے ہائی مدرسہ کے سکنڈری امتحان میں کل 800 میں سے 786 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
گزشتہ کل نتائج کے اعلان کے بعد رشتہ داروں اور پڑوسیوں کی بھیڑ شریفہ خاتون کو مبارکباد دینے کے لئے ان کے گھر پر جمع ہونا شروع ہو گئی۔ واضح رہے کہ شریفہ خاتون غریبی سے لڑتی ہوئی ہر سال اسکول کی مختلف کلاسوں میں پہلی یا دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
والدین کا خواب تھا کہ ان کی بیٹی ایک دن خاندان کا چہرہ اور نام روشن کرے گی۔ والدین، رشتہ دار اور اساتذہ اس بیٹی کی کامیابی پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ شریفہ خاتون نے بتایا کہ بچپن سے ہی ان کے والدین کے ساتھ انتہائی غربت میں زندگی گزارنے کے بعد اسے اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاشی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے والد جھال موڑی فروش ہیں۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ مستقبل میں ایک بہترین ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں۔ تاہم اسے اس بات کی فکر ہے کہ کیا اس کے والد کی تھوڑی سی آمدنی اسے اپنے مقصد تک پہنچا سکے گی۔
انہوں نے بتایا کہ گاوں میں علاج نہ ہونے کی وجہ سے کئی غریب ان کی آنکھوں کے سامنے مر چکے ہیں، اس لئے وہ ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں۔ ڈاکٹر بن کر وہ غریبوں کا مفت علاج کرنا چاہتی ہے۔ شریفہ خاتون کو پڑھنے کے علاوہ کہانیوں کی کتابیں پڑھنے، تصویریں بنانے کا بھی شوق ہے۔ انہوں نے حکومت اور سماجی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کی مزید تعلیم میں مدد کریں۔



کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں