![]() |
| ہرسال یکم جولائی کو یوم اسلام پور محکمہ منانے کا اعلان |
ہرسال یکم جولائی کو یوم اسلام پور محکمہ منانے کا اعلان
ڈاکٹر بدھان چندر رائے کے یوم پیدائش کے موقع پرسابق وزیر عبدالکریم چودھری نے ایک بار اسلام پور الگ ضلع بنانے کامطالبہ کیا
نیوزٹوڈے اردو:مغربی بنگال کے سب سے پہلے وزیراعلیٰ ڈاکٹر بدھان چندر رائے کے یوم پیدائش کے موقع پر اسلام پور بس ٹرمنلس میں ایک پروگرام کاانعقاد کیاجس میں ڈاکٹر بدھان چندر رائے کے مجسمہ پر پھولوں کا ہار چڑھاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس موقع پر اسلام پور کے ایم ایل اے وسابق وزیر عبدالکریم چودھری نے ڈاکٹر بدھان چندر رائے کے مجسمہ پرگلہائے عقیدت پیش کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔
اس موقع پر ایک بورڈ کی بھی نمائش کی گئی جس میں ایک طرف سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر بدھان چندررائے اور ایک طرف مرحوم چودھری محمد آفاق کی تصویرہے۔ ساتھ ہی اسلام پور کے اس لمبے سفر کی کچھ تفصیلات بھی درج ہے ،ساتھ ہی ایم ایل اے اسلام پور عبدالکریم چودھری کی طر ف سے ایک بیانیہ کا بھی اجراہوا۔
اس موقع پراسلام پور کے ایم ایل اے عبدالکریم چودھری نے کہاکہ اسلام پور محکمہ کے لئے آج کا دن کافی اہم ہے،کیونکہ ڈاکٹر بدھان چندرائے کی وجہ سے ہی اسلام پور محکمہ وجود میں آیاتھا ۔انہوں نے کہاکہ مرحوم چودھری محمد آفاق اس وقت اسلام پور کے ایم ایل اے تھے اور ڈاکٹر بدھان چندررائے وزیراعلیٰ تھے۔جب ڈاکٹر بدھان چندررائے نے دیکھاکہ اسلام پور محکمہ کو اگر بہار سے بنگال لایاجائے تو بنگال پورا ہوسکتاہے ورنہ بنگال دوحصوں میں بٹاہوارہے گا،اسے اسلام پور ہی جوڑ سکتا ہے،اس لئے ڈاکٹر بدھان چندررائے نے اسلام پور کی مشہور شخصیت اور اس وقت کے ایم ایل اے مرحوم چودھری محمد آفاق سے کہاکہ اگر اسلام پور کو بہار پورنیہ ضلع سے بنگال میں لایاجائے تو بنگال ایک پورا حصہ بھی ہوجائے گا اور انہوںنے وعدہ کیا کہ اسلام پور کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے ہرممکن مدد کریں گے۔
اس کے بعد اس وقت کے ایم ایل اے چودھری محمد آفاق نے لوگوں سے اس سلسلے میں مشورہ کرکے حامی بھری اور1956کو اسلام پورمحکمہ کا وجود عمل میں آیااور مختلف دفاترکھولے گئے۔21مارچ 1959کو اسلام پور ہائی اسکول کامرحوم چودھری محمد یوسف کے نام سے موسوم کرکے سنگ بنیاد رکھا۔چونکہ مرحوم چودھری محمد یوسف نے ہی اسکول کے لئے زمین عطیہ کی تھی اس لئے وزیراعلیٰ ڈاکٹر بدھان چندر رائے نے مرحوم چودھری محمد یوسف کے نام کے ساتھ اسکول کے بورڈ کا افتتاح کیا
۔سابق وزیر عبدالکریم چودھری نے کہاکہ تب سے ہی اسلام پور محکمہ کی حیثیت سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،اس لئے ہرسال یکم جولائی کو اسلام پور یوم محکمہ کے طورپر منایاجائے گا۔ اسلام پور محکمہ کے ماتحت سبھی بلاکوں اور تھانوںمیں اس کا اہتمام ہوگا۔ایک بار پھر ایم ایل اے عبدالکریم چودھری نے اسلام پور محکمہ الگ ضلع بنانے کی وکالت کرتے ہوئے کہاکہ اسلام پور کو محکمہ کادرجہ ملا اور اب ہمار ادیرنہ مطالبہ ہے کہ اسلام پور کو ضلع بنایاجائے ،اگر چہ اس میں تھوڑاوقت لگ سکتا ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ اسلام پور کوضرور ضلع درجہ دیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ یہ مطالبہ اب صرف میرے اکیلا ہی نہیں بلکہ اسلام پور سے جڑے ہرشخص ،سبھی تنظیمیں اور عام آدمی بھی اسلام پور کو ضلع بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔



کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں