| استاذ العلماء:ایک جامع شخصیت |
استاذ العلماء:ایک جامع شخصیت
حضرت مولانامحمد شاہ قادری ر ضوی
صدر المدرسین: جامعہ عربیہ اسلامیہ حسین پور چھوسیہ ،اسلام پور ،اتر دیناج پور، بنگال
نہ تخت وتاج نہ لشکرو سپاہ میں ہے
جو بات مرد قلندر کی بارگاہ میں ہے
نہ پوچھ ان خرقہ پوشوں کی ارادت ہو تو دیکھ ان کو
ید بیضا لئے بیٹھے ہیںاپنی آستینوں میں
عارف حق ،عالم باعمل ،صوفی باصفا ،ولی کامل،حضور استاذ العلماءحضرت علامہ ومولاناحافظ وقاری مفتی الحاج نصیر الدین صاحب اشرفی علیہ الرحمة والرضوان کی حیات طیبہ کا ہر ہر لمحہ شریعت مصطفویہ کے مطابق تھا۔ آپ کی رفتار وگفتار، نشست وبرخاست ،قال وحال شریعت اسلامیہ کے مطابق تھی۔ آپ بہت ہی نیک طینت ،منکسر المزاج اورشریف الطبع تھے۔ منہیات شریعہ سے اجتناب اور اوامر کے بجا لانے میں آپ کو خاص امیتاز حاصل تھا۔ آپ علم وفضل ،تقویٰ وطہارت اورروحانیت وکرامت کے مالک تھے۔ پنج وقتہ نمازوںکے علاوہ نمازچاشت ، صلوٰة اوّابین ، تلاوت قرآن پاک اور دلائل الخیرات کا بلاناغہ پابند تھے۔
آپ کی زبان ہر وقت ذکر خدا اورذکر رسولﷺ سے تر رہتی تھی ۔ بلاشبہ آپ اللہ کے ولی تھے۔ آپ کا علمی قد بھی بہت بلند تھا۔ آپ عالم بھی تھے، حافظ بھی تھے، قاری بھی تھے ، مفتی بھی تھے ،مفکر بھی تھے ، مدبر بھی تھے، واعظ بھی تھے اور عامل بھی تھے۔الغرض آپ کی شخصیت ایک جامع شخصیت تھی ۔ آپ جب علاقے میں تشریف لائے اس وقت پور اعلاقہ جہالت اور گمراہیت کے دلدل میں پھنسا ہوا تھا۔ علاقے کے لوگ علم دین سے بالکل نا بلد تھے۔ آپ اپنے علمی فیضان سے لوگوں کے قلوب کو منورومجلّیٰ کرنے لگے ۔
دارالعلوم اسلامیہ عارفیہ مشیر گنج چنا منا میں درس وتدریس کی خدمت انجام دینے لگے اور وہاں اپنے گوہر علم سے تشنگان علوم کو سیراب کرتے رہے اور وابستگان علم وفن کو علم وحکمت سے فیضیاب کرتے رہے۔ ہزاروں طالبان علوم نبویہ فیوض وکمالات سے مستفیض ہوتے رہے۔ آپ سے استفادہ اور پڑھنے والے طلبہ کی تعداد بہت کثیر ہے ۔آپ نفع خلق کے لئے دعاءوتعویز بھی کیاکرتے تھے۔ آپ کے ارد گرد حاجت مندوں کی ہجوم لگی رہتی تھی۔
فیاضی کایہ عالم تھا دن بھر جو بھی آمدنی ہوتی تھی غرباءاور طلبہ کے مابین تقسیم کردیاکرتے تھے۔ آپ کی پوری زندگی خدمت دین اورخدمت خلق کے لئے وقف تھی۔ خدمت خلق کے تعلق سے وہ کارہائے نمایاں انجام دئے ہیں کہ رہتی دنیا تک فراموش نہیںکیاجاسکتا ہے ۔آپ کی ذات مبارکہ حیات ظاہرہ میں مرجع خلائق بنی ہوئی تھی ،لوگ فیوض وبرکات حاصل کررہے تھے ۔آج بھی آپ کا مزار پُرانوارمرجع خلائق بنا ہواہے۔ آج بھی لوگ فیوض وبرکات حاصل کررہے ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ اپنے حبیب ﷺ کے طفیل ہم سبھوں کو استاذ العلماءکے فیوض وبرکات سے مالا مال فرمائے ۔
آمین ثمہ آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں