تازہ ترین

Post Top Ad

پیر، 10 اکتوبر، 2022

رسیا،گنجریا واطراف میں بابوحضور کی قیادت میں جلوس محمدی کا اہتمام

رسیا،گنجریا واطراف میں بابوحضور کی قیادت میں جلوس محمدی کا اہتمام
 رسیا،گنجریا واطراف میں بابوحضور کی قیادت میں جلوس محمدی کا اہتمام


 رسیا،گنجریا واطراف میں بابوحضور کی قیادت میں جلوس محمدی کا اہتمام

رسول ﷺکی حقیقی غلامی میں ہی دونوں جہان کی کامیابی کا راز مضمر ہے۔سرکاربابوحضور

     نیوزٹوڈے اردو:اسلام پور تھانہ کے رسیا،گنجریا واطراف کے جلوسوں کی قیادت پیرطریقت حضرت علامہ الحاج سید شاہ شمس اللہ جان مصباحی المعروف سرکار بابو حضور دام ظلہ نے کی۔اس موقع پردارالعلوم فدائیہ نوریہ پاچھو رسیا،جامعہ اہل سنت جوہر العلوم گنجریا،جامعہ اہل سنت تقویة الاسلام جھاربستی رسیا اور قرب وجوار کے مدارس ،گاﺅں کے جلوسوں نے شرکت کی۔ بابوحضور کی قیادت میں نکلنے والے اس جلوس میں ہزاروں کی تعدادمیں فرزندان توحید نے شریک عیدمیلاد النبی ﷺ کا جشن منایا۔ 



     شمس ولایت ،مصباح العرفا، علامہ الحاج شمس اللہ جان مصباحی المعروف سرکار بابو حضور دام ظلہ علینا کی قیادت میں جلوس محمدی روایتی ہم آہنگ اور مذہبی جوش وخروش کے ساتھ نکالا گیا جس میں علاقائی مدارس کے طلبا و اساتذہ، سرکار بابو حضور کے چاہنے والے، عمائدین قوم اور ہزاروں کی تعداد میں فزندان توحید نے عید میلادالنبی ﷺ کے حسین موقع پرجلوس محمدی میں شریک ہوکر اپنی اپنی خوشی و محبت کا اظہار کیا، اور جلوس محمدی کو یکجہتی اور پر امن طریقے پر نکالنے میں کامیاب ہوا۔

    جلوس محمدی کا قافلہ دار العلوم فدائیہ نوریہ پاچھو رسیا، جامعہ اہل سنت جوہر العلوم گنجریااورجامعہ اہل سنت تقویة الاسلام سمیت سبھی علاقوں سے حمد و نعت، درود و سلام ،نعرہ تکبیر و رسالت کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ صبح 9 بجے نکلا اور متعینہ مقامات سے ہوتا ہوا قومی شاہراہ نمبر 31گنجریابازار پہنچا جہاں بابوحضور کا خطاب ہوا۔جلوس محمدی کے ہزاروں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سرکار بابو حضور نے کہا کہ آج کا دن محسن انسانیت ،روح کائنات کی آمد کا دن ہے اس دن میں نبی کی ولادت کے موقع پر چرند پرند ،جنگلوں کے جانور آسمان کے فرشتے ،جن و انسان سبھی نے خوشیاں منائیں ،بلکہ خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت پاک کے مبارک موقع پر اللہ رب العزت نے خوشی منائی، کہ جس سال نبی اس دنیا میں تشریف لائے تھے تو اس سال مکہ کے ہر گھر میں لڑکا پیدا ہوا تھا یہ خوشی کا اظہار نہیں تو کیا ہے ؟

    نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت مبارکہ کے موقع پر ابلیس شیطان نے غم منایا تھا ، پورا مجمع کیف و سرور سے بے خود ہوکر جھوم اٹھا اور نعرہ تکبیر و رسالت کی پر زور صداوں سے گونج اٹھا۔ سرکار بابو حضور نے ناصحانہ خطاب کرتے ہوئے کہا جلوس محمدی نکال کر محبت کا اظہار کر لینا ہی کافی نہیں ہے ،بلکہ سرکار کی سیرت اور آپ ﷺ کی پاکیزہ کردار سے ہمیں کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے،ہمیں اعمال و اقوال ،افعال و کردار انفرادی و اجتماعی زندگی میں سرکار دوعالم ﷺکے مبارک نقش قدم اور آپ کی سیرت و کردار کے تابع ہوکر ہی دونوں جہان میں فلاح و کامیابی مل سکتی ہے۔رسول ﷺکی حقیقی غلامی میں ہی دونوں جہان کی کامیابی کا راز مضمر ہے۔

    شدت کی گرمی،سورج کی تمازت سے لوگ پسینے سے تر بتر ہونے کے باجود لوگ وفور شوق ،کامل انہماک کے ساتھ سرکار بابو حضور کی پند و نصائح کو سماعت کر رہے تھے،اور سرکار بابو حضور کے ایک ایک جملہ کو بغور سن کر داد و تحسین سے نواز رہے تھے اور سرکار بابو حضور سے بے لوث محبت و عقیدت کا پختہ ثبوت پیش کر رہے تھے۔جلوس محمدی صلوة و سلام وبعدہ سرکار بابو حضور کی پرکیف دعا پر اختتام پذیر ہوا۔



کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad